جودھپور، 17؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جے این وی یو ٹیچرس بھرتی گھوٹالے میں منگل کو سپریم کورٹ نے پانچوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔سپریم کورٹ نے ان کو ضمانت کے لیے صرف ٹرائل کورٹ میں عرضی داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اینٹی کرپشن بیورو کو بڑی راحت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے پانچوں ملزمان سابق ممبر اسمبلی جگل کابرا، شیام سندر شرما، کیشون، دریاؤسنگہ اور ڈونگرسنگھ کھینچی کو ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔سپریم کورٹ نے ملزمان کے خلاف اے سی بی کو چارج شیٹ دائر کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ملزمان نے سپریم کورٹ سے چارج شیٹ پر روک لگانے کی اپیل کی تھی ،جو نامنظور کر دی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ اے سی بی نے اس گھوٹالے میں پانچ ملزمان کو 13؍جنوری کو اور ایک کو بعد میں گرفتار کیا تھا۔ٹرائل کورٹ نے ان کو 4 دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیجنے کی ہدایت دی تھی ۔سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ گھوٹالے کی جانچ ہونی چاہیے ،تاہم پولیس ریمانڈ پوری ہونے سے پہلے ملزم ضمانت کے لیے عرضی داخل نہیں کرپائیں گے۔اس کے علاوہ 18؍جنوری کو ریمانڈ کی مدت پوری ہونے کے بعد تمام ملزمان کو مجسٹریٹ کے سامنے دوبارہ پیش کیا جائے گا۔غور طلب ہے کہ اس معاملے میں گرفتار جے نارائن ویاس یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر بھنور سنگھ راج پروہت کو پیر کو راحت ملی ہے۔سابق وائس چانسلر کو سپریم کورٹ کی جانب سے رہا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے، اب تک ریمانڈ پر چل رہے سابق وائس چانسلر راج پروہت کے بارے میں قیاس لگایا جا رہا تھا کہ گھوٹالے سے متعلق کئی نئے اہم خلاصے ہوں گے۔